سندھ پر بارش کا نیا سسٹم داخل: کراچی میں موسلادھار بارشوں اور اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری

ویب ڈیسک
|
6 Sep 2025
کراچی: محکمہ موسمیات نے سندھ میں بارش کے ایک نئے طاقتور سسٹم کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے تحت کل سے کراچی سمیت صوبے کے کئی شہروں میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
یہ سسٹم انڈیا کے مدھیا پردیش میں تباہی مچانے کے بعد اب مضبوط ہو کر سندھ کے قریب پہنچ چکا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی پیشگوئی کے مطابق، اس موسمی نظام کے باعث کراچی میں کل شام سے 11 ستمبر تک گرج چمک کے ساتھ درمیانی اور موسلادھار بارشیں ہوں گی۔
اس سسٹم سے پیدا ہونے والی تیز بارشوں کی وجہ سے کراچی اور دیہی سندھ کے علاقوں میں شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
آج شام سے 10 ستمبر تک سندھ کے مشرقی اضلاع جیسے تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، حیدرآباد اور بدین میں بھی شدید بارشیں متوقع ہیں۔
دادو، لاڑکانہ، جیکب آباد اور گھوٹکی میں بھی درمیانے سے موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ دریائے سندھ میں گڈو، سکھر اور کوٹری بیراجز پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، تاہم آج گڈو کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔
Comments
0 comment