اسرائیلی اخبار میں اپنی حمایت میں چھپنے والے آرٹیکل پر عمران خان کی وضاحت

اسرائیلی اخبار میں اپنی حمایت میں چھپنے والے آرٹیکل پر عمران خان کی وضاحت

ان کو انگریزی پڑھنی نہیں آتی، عمران خان کی جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو
اسرائیلی اخبار میں اپنی حمایت میں چھپنے والے آرٹیکل پر عمران خان کی وضاحت

ویب ڈیسک

|

23 Sep 2024

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اسرائیلی اخبار میں چھپنے والے آرٹیکل کے تناظر میں کہا ہے کہ اس طرح میرے خلاف پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے، کہ جیسے میں اسرائیل سے بات چیت کا سب سے بڑا حامی ہوں۔ 

نئے توشہ خانہ کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کے موقع پر میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آرٹیکل میں میری تعریف کرتے ہوئے مسلم امہ اور مغربی ممالک میں میری ساکھ سے متعلق بات کی ہے، ان کو یہ سمجھ ہی نہیں آتی کہ اسرائیلی اخبار بات چیت کے حوالے سے لکھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین میں لوگوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، پہلے سیز فائر کیا جائے پھر ہی بات چیت ہوسکتی ہے۔ میرا موقف ہے اسرائیل پہلے سیز فائر کرے دو ریاستی حل ہو تو پھر بات چیت ہوسکتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ انہوں نے الیکشن میں ڈاکہ مارا، نو مئی واقعات میں کارکنوں کو جیل میں ڈالا گیا لیکن کوئی تحقیقات نہیں ہو رہیں، آپ جو ترامیم کرنے جا رہے ہیں ان سے کیا امن آئے گا، چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر امپائر بھی ہیں اور اوپنر بلے باز بھی، تھرڈ امپائر ان کی ٹیم کا کپتان ہے وہ پیچھے بیٹھ کر سب چلا رہا ہے اور آپ ان کو توسیع دے رہے ہیں تاکہ الیکشن فراڈ نہ کھلے۔

انہوں نے کہا کہ  نو مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے نہ آئے یہ ان کو تحفظ دے رہے ہیں، تھرڈ ایمپائر کا کردار یہ ہے کہ پی ٹی آئی کو میچ ہی نہ کھیلنے دیا جائے، امپائر تو انصاف کرتے ہیں، یحیی خان نے بھی وہی کیا تھا جو اج یہ کر رہے ہیں، یہ ٹولہ الیکشن فراڈ چھپانے کے لیے معاشرے اور جمہوریت کی تباہی کر رہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ آمدن نہ بڑھنے سے قرض بڑھ رہا ہے کوئی سرمایہ کاری کو تیار نہیں لوگ ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں، ملک میں یحیی خان پارٹ ٹو کی حکومت ہے، پاکستان کی تاریخ میں ہمارے جتنے جلسے کسی نے نہیں کیئے، لاہور میں جلسے سے ایک دن قبل اجازت دی گئی اور پھر کنٹینرز لگا دیئے گئے، ہمارے جلسوں میں لوگ پیدل چل کر اتے ہیں ہم ان کی طرح قیمے والے نان نہیں کھلاتے جلسہ سے پہلے پی ٹی آئی کے 500 لوگوں کو نظربند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔

بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ گرمیوں کا جلسہ شام میں ہوتا ہے اور یہ کہتے ہیں کہ چھ بجے جلسہ ختم کر دو، داد دیتا ہوں کہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود جلسہ کیا گیا، لاہور ہائی کورٹ کو بنیادی حقوق کی خلاف ورزیاں نظر نہیں اتیں؟ ہفتہ کو راولپنڈی میں جلسہ کرینگے، پارٹی کو کہتا ہوں جلسے کے لیئے ہائی کورٹ سے رجوع کریں یہ عدلیہ کو ختم کر کے غیر اعلانیہ مارشل لاء لگانا چاہتے ہیں۔

عمران خان نے واضح کیا کہ اگر راولپنڈی میں جلسے کی اجازت نہ ملی تو احتجاج کریں گے، یہ وہ ترامیم کرنے لگے ہیں جو کسی آمر نے بھی نہیں کیں ہم ان ترامیم کے خلاف سٹریٹ موومنٹ شروع کریں گے۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!