وزیراعلی کا صوبے سے چیک پوسٹیں ختم کرنے اور جرگہ سسٹم بحال کرنے کا اعلان
ویب ڈیسک
|
18 Sep 2024
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے صوبے بھر سے چیک پوسٹیں ختم کرنے اور جرگہ سسٹم بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
وزیراعلیٰ گنڈا پور نے یہ اعلان بدھ کے روز مشیر اطلاعات کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا اور صوبے میں تنازعات کے حل کیلیے برسوں پرانے جرگہ سسٹم کو بحال کرنے کا اعلان بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم صوبے بھر میں چیک پوسٹوں کو ختم کر رہے ہیں اور مقامی گورننس کو مضبوط کرنے کے لیے جرگہ سسٹم کو بحال کر رہے ہیں۔ کے پی کے سربراہ نے پاکستان کے قومی ترانے کے دوران افغان قونصل جنرل کے طرز عمل سے متعلق ایک حالیہ تنازع پر بھی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ ’افغان قونصل جنرل نے واضح کیا کہ ان کا یہ فعل موسیقی کی شمولیت کی وجہ سے ہوا، جو ان کے اپنے قومی ترانے میں بھی خاموش ہے‘‘۔
ایک اور اہم پیش رفت میں گنڈا پور نے حکومت کے پارٹی کوٹہ سسٹم کے ذریعے بھرتی کیے گئے 1,800 ملازمین کی برطرفی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ان کے احتجاج کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں لیکن میں ان غیر قانونی طور پر تعینات افراد کو تنخواہ دینے سے انکاری ہوں۔
علی امین گنڈا پور نے شہریوں کو بااختیار بنانے کے اقدامات بھی متعارف کرائے اور کہا کہ "آج، ہم عوام کو پورٹل پر اپنے مسائل اٹھانے کے قابل بنا رہے ہیں۔ ہم شفاف طریقے سے میڈیا کے سامنے ظاہر کریں گے‘‘۔
Comments
0 comment