وزیراعظم شہباز شریف 27ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کریں گے
Webdesk
|
22 Sep 2024
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف 23 سے 27 ستمبر 2024 کو نیویارک میں جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے آج روانہ ہوں گے اور 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور جنرل اسمبلی کے صدر سمیت عالمی رہنماوں کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے جبکہ وزیر اعظم سطح سمندر میں اضافے سے خطرات اور امن کے لیے قیادت کے موضوع پر اجلاسوں میں شریک ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف عالمی برادری پر زور دیں گے کہ وہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور اسلامو فوبیا کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کرے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم بین الاقوامی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات کی اہمیت کو اجاگر کریں گے جبکہ فلسطین اور جموں و کشمیر کے تنازع سمیت دیرینہ مسائل کو حل کرنے کی اہمیت پر زور دیں گے۔
وزیر اعظم عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کو فروغ دینے میں اقوام متحدہ کے کردار کی حمایت کا اعادہ کریں گے۔
نیویارک روانگی سے قبل سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر وزیراعظم نے عالمی پلیٹ فارم میں بین الاقوامی امور پر پاکستان کا موقف پیش کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
Comments
0 comment