2 hours ago
خواب دیکھ کر شہری نے خود کو آگ لگالی
ویب ڈیسک
|
24 Nov 2025
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایک 60 سالہ شخص نے مبینہ طور پر خودسوزی کرکے زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ واقعہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب قصبہ موڑ کے قریب شہزاد سینما کے پاس گلی نمبر 5 میں پیش آیا، جہاں ایک شخص آگ میں جھلس کر شدید زخمی حالت میں ملا۔
چھیپا کے عملے نے زخمی شہری کو فوری سول اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ متوفی کی شناخت اللہ رکھا ولد خوشی محمد کے نام سے ہوئی، جو تقریباً 10 روز قبل راولپنڈی سے اپنی سالی کے گھر آیا تھا۔
ایس ایچ او یوسف مہر نے بتایا کہ ابتدائی شواہد کے مطابق معاملہ خودسوزی کا ہے۔ پولیس کے مطابق متوفی نے خود پر مٹی کا تیل ڈال کر آگ لگائی۔
متوفی کی سالی کے مطابق اللہ رکھا گزشتہ تین روز سے اضطراب کا شکار تھا اور اسے خواب میں بار بار اپنے آپ کو آگ لگانے کی کیفیت نظر آ رہی تھی، جس کے باعث وہ شدید ذہنی پریشانی میں مبتلا تھا۔
پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی ہے، جبکہ واقعے کے محرکات جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
Comments
0 comment