کیا امریکی نائب وزیر خارجہ نے دورے میں عمران خان سے متعلق گفتگو کی؟ جانیے
ویب ڈیسک
|
17 Sep 2024
امریکا کے قائم مقام نائب وزیر خارجہ نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا اور اس دوران انہوں نے آرمی چیف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کیں۔
ان ملاقاتوں کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں پھیل رہی تھیں اور اس حوالے سے ایک صحافی نے امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر سے پریس کانفرنس کے دوران سوال بھی پوچھ لیا۔
پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے میتھیو ملر سے سوال کیا کہ ’سیکریٹری جان باس نے دورہ پاکستان میں آرمی چیف، نائب وزیراعظم سمیت دیگر سے ملاقات میں کیا جمہوریت یا عمران خان کے حوالے سے کوئی بات کی یا نہیں؟‘۔
امریکی محکمہ خارجہ نے ترجمان نے کہا کہ جان باس نے پاکستانی عسکری اور حکومتی قیادت کے ساتھ معیشت، اور سلامتی سے متعلق امور پر بات چیت کی، دہشت گردی اور پُرتشدد انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے، علاقائی استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کی اہمیت سمیت اقتصادی اور سلامتی کے امور پر دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے ہمارے نقطہ نظر پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ انڈر سیکرٹری جان باس نے امریکا میں افغانوں کی آبادکاری کے لیے مدد کرنے میں پاکستان کے مسلسل تعاون پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور تمام مسائل کو ملکر حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
امریکی ترجمان نے عمران خان کی قید سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کیا اور مزید کوئی وضاحت دینے سے بھی معذرت کی۔
Comments
0 comment