3 hours ago
ایرانی صدر کا پاکستان اور سعودی عرب کے معاہدے سے متعلق بڑا انکشافات

ویب ڈیسک
|
25 Sep 2025
ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران غزہ پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والا دفاعی معاہدہ مسلم ممالک کے لیے مشترکہ سیکیورٹی نظام کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر نے کہا کہ اسرائیل نہ صرف غزہ بلکہ خطے کے دیگر ممالک میں بھی جارحیت اور عدم استحکام پھیلا رہا ہے، جو سفارتی کوششوں کے ساتھ کھلی دشمنی کے مترادف ہے۔ انہوں نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس کی قیادت کو نشانہ بنانے والے حملے کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
صدر پزیشکیان نے کہا کہ حالیہ برسوں میں ایران کو اسرائیل کی جانب سے شدید نوعیت کے حملوں کا سامنا رہا، جن میں معصوم جانوں سمیت سائنسدان بھی شہید ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن طاقت کے زور پر نہیں بلکہ باہمی اعتماد، رابطوں اور مشترکہ تعاون سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی پھیلائے گئے انتشار کا جواب مسلم ممالک کے درمیان قریبی اور مربوط تعاون سے دیا جانا چاہیے۔ اس موقع پر ایرانی صدر نے پاک سعودی دفاعی شراکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف سیاسی و دفاعی سطح پر بلکہ مجموعی طور پر مسلم دنیا کے اتحاد کو مضبوط کرے گا۔
امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ایرانی صدر نے واضح کیا کہ ایران نے کبھی جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش نہیں کی اور نہ ہی آئندہ اس کا کوئی ارادہ رکھتا ہے۔
Comments
0 comment