کراچی میں سرکاری دفتر سے جنگ عظیم دوم کی قیمتی نوادرات اور اشیا چوری

ویب ڈیسک
|
13 Jul 2025
کراچی: محرم کی تعطیلات کے دوران فریئر ہال میں واقع کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے دفتر سے دوسری جنگ عظیم سے متعلق کئی نوادرات چوری کر لیے گئے ہیں۔
کے ایم سی کے پارکس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل کے دفتر سے دوسری جنگ عظیم کے پانچ یادگاری شیلڈز، ایک ڈی وی ڈی پلیئر اور ایک اسپیکر چوری ہوا۔
ڈی جی پارکس کے مطابق محرم کی تعطیلات کے دوران پانچ دن دفتر بند رہا تو اس دوران پچھلی کھڑکی کو توڑ کر اندر داخل ہوکر واردات کی۔
آرٹلری میدان پولیس اسٹیشن میں کے ایم سی کے ایک عہدیدار کی مدعیت میں مقدمہ پاکستانی تعزیرات کے سیکشن 380 (گھر میں چوری وغیرہ) کے تحت درج کرائی۔
شکایت کنندہ، جو کہ کے ایم سی پارکس ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ہیں، جنہوں پولیس کو بتایا کہ ڈی جی کا دفتر فاطمہ جناح روڈ پر فریئر ہال کے اندر واقع ہے۔ جب 7 جولائی کو دفتر دوبارہ کھولا گیا تو عملے نے دفتر کے پچھلے حصے میں ایک ٹوٹی ہوئی کھڑکی دیکھی اور معائنہ کرنے پر چوری کا انکشاف ہوا۔
ساؤتھ ڈی آئی جی سید اسد رضا نے بتایا کہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا، "ملزمان کی گرفتاری اور نوادرات کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں،" اور یہ کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ملزمان کی شناخت کی جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ اس ٹھیکیدار کو بھی تحقیقات کے لیے بلایا گیا ہے جس کی نگرانی میں چوری شدہ اشیا کمرے میں رکھی گئی تھیں۔ ڈی جی پارک کے ڈائریکٹر سے مزید معلومات حاصل کی جانی ہیں، جو ابھی تک پیش نہیں ہوئے، جبکہ شکایت کنندہ نے کہا کہ وہ پیر کو آئے گا۔
اس کے علاوہ، فریئر پولیس کی حدود میں مقامی سکریپ مارکیٹوں کی جانچ پڑتال کی گئی ہے اور مخبروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ جلد ہی ایک "بریک تھرو" کی توقع ہے۔
ڈی آئی جی نے مزید کہا کہ پولیس نے حال ہی میں کے ایم سی حکام کو فریئر ہال کے اندر اور آس پاس غیر قانونی دکانداروں اور موٹرسائیکل چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات سمیت سیکیورٹی خدشات کے بارے میں ایک خط لکھا تھا۔
Comments
0 comment