پاکستان میں سمندر کا پانی گلابی ہوگیا، الرٹ جاری

ویب ڈیسک
|
2 Aug 2025
کراچی: بلوچستان کی گڈانی جیٹی پر سمندر کے پانی کا اچانک گلابی ہو جانا مقامی ماہی گیروں، سیاحوں اور رہائشیوں کے لیے حیرانی کا باعث بن گیا ہے۔
اس غیر معمولی تبدیلی کے بعد محکمہ تحفظ ماحولیات نے شہریوں کو جیٹی کے پانی سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ ماحولیات کے ماہرین نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ غیرمعمولی رنگ پانی میں قدرتی تبدیلیوں اور آلودگی کا مشترکہ نتیجہ ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر عمران کاکڑ کے مطابق، جیٹی کے اندر ٹھہرے ہوئے پانی میں چھوٹے آبی جانداروں کی تعداد تیزی سے بڑھی ہے، جس کی وجہ سے پانی کا رنگ گلابی ہو گیا اور علاقے میں شدید بدبو پھیل گئی ہے۔
حکام نے مزید بتایا کہ اس صورتحال کی وجہ انسانی فضلہ اور دیگر آلودگیوں کا پانی میں شامل ہونا ہے۔ اس وقت صورتحال پر قابو پانے کے لیے ماہرین کی ٹیمیں پانی کے نمونے لے رہی ہیں تاکہ مسئلے کی اصل وجوہات کا پتا لگایا جا سکے اور اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ صورتحال مزید خراب نہ ہو۔
مقامی لوگ اس واقعے پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں اور امید کر رہے ہیں کہ جلد از جلد پانی کی صفائی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ گڈانی جیٹی دوبارہ محفوظ اور پرکشش مقام بن سکے۔
Comments
0 comment