پاکستان میں ایڈز کے کیسز میں پریشان کن اضافہ، 9 ہزار سے زائد مریض چند ماہ میں رپورٹ
ویب ڈیسک
|
28 Dec 2024
پاکستان میں سال 2024 کے دوران ایچ آئی وی کے کیسز میں حیران کن اضافہ ہوا ہے اور اب یہ تعداد پریشان کن حد تک بڑھ گئی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ہر ماہ اوسطاً 1 ہزار لوگوں کو ایچ آئی وی کی تشخیص ہوئی، وزارت صحت کی جانب سے شیئر کیے گئے سرکاری اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 2024 کے پہلے نو مہینوں میں پاکستان میں کل 9,713 افراد ایچ آئی وی کا شکار ہوئے، جس کا تخمینہ سال کے آخر تک بڑھ کر 12,950 تک پہنچنے کا امکان ہے۔
وزارت صحت کے حکام کے مطابق سال 2023 میں 12,731 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
اس مرض کی تشخیص 69.4 فیصد مردوں اور 20.5 فیصد خواتین میں ہوئی ہے، جب کہ 4.1 فیصد خواجہ سرا اور 6 فیصد بچے بھی اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
یہ خطرناک رجحان پورے ملک میں ہر ماہ اوسطاً 1,079 افراد کو ایچ آئی وی کا شکار ہونے کی نشاندہی کرتا ہے۔
اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ وائرس نے پنجاب کو شدید متاثر کیا، 5,691 کیسز رپورٹ ہوئے، اس کے بعد سندھ ہے، جہاں 2,383 افراد کی تشخیص ہوئی۔ دریں اثنا، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بالترتیب 926 اور 329 ایچ آئی وی کیسز رپورٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت میں 378 کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ آزاد جموں و کشمیر میں 10 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ماہرین نے خبردار کیا کہ صورتحال سنگین ہے، وائرس اب زیادہ خطرے والے گروہوں سے عام آبادی تک پھیل رہا ہے۔ اس اضافے کی بڑی وجہ کم عوامی بیداری، ناکافی حفاظتی اقدامات، اور صحت کی سہولیات کے طریقوں میں خامیاں ہیں۔
ملک کے ایچ آئی وی بحران نے سب سے پہلے 2019 میں بڑے پیمانے پر توجہ مبذول کروائی، جب لاڑکانہ ضلع میں بچوں میں ایچ آئی وی کی وبا پھیلی جس کے نتیجے میں 700 سے زائد بچے اس وائرس کے لیے مثبت پائے گئے۔
Comments
0 comment