علی امین گنڈا پور کا انتخابی نشان تبدیل کرنے پر ریٹرننگ افسر معطل
ویب ڈیسک
|
23 Jan 2024
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور حمایت یافتہ آزاد امیدوار علی امین گنڈا پور کا نشان تبدیل کرنے والے افسر کو تبدیل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) سے امیدوارعلی امین گنڈاپور کا انتخابی نشان باربار تبدیل کرنے کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسر اور اے ڈی سی جی طارق محمود کومعطل کردیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو اس ضمن میں مراسلہ ارسال کردیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ اے ڈی سی جی طارق محمود کو فوری طور پرمحکمہ اسٹیبلشمنٹ خیبرپختونخوا رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اے ڈی سی جی طارق محمود انکوائری مکمل ہونے تک معطل رہیں گے، ڈپٹی کمشنرڈی آئی خان نے معاملے پر اپنی انکوائری رپورٹ الیکشن کمیشن کو ارسال کر دی۔
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ریٹرننگ افسر نے تکنیکی مسئلے کی وجہ سے علی امین گنڈاپور کو دومرتبہ فارم33جاری کیا، ریٹرننگ افسر طارق محمود کی جانبداری دکھائی نہیں دے رہی، ریجنل الیکشن کمشنر ڈی آئی خان نے بھی معاملے کی انکوائری کر کے رپورٹ الیکشن کمیشن کو بھیج دی۔
ضلعی الیکشن کمشنر نے کہا کہ ریٹرننگ افسر طارق محموداور صوبائی حلقوں کے ریٹرننگ افسروں نے ایک ہی تکنیکی مسئلہ اٹھایا، متعلقہ ریٹرننگ افسر نے تفویض کئے گئے فرائض کی ادائیگی میں ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ریٹرننگ افسر نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور امیدوار کے ساتھ مراسم کی وجہ سے اُس کا نشان تین بار تبدیل کیا۔
Comments
0 comment