بلوچستان میں نامعلوم افراد نے شناخت کے بعد پنجاب کے 9 مزدوروں کو قتل کردیا
ویب ڈیسک
|
13 Apr 2024
بلوچستان کے علاقے نوشکی میں نامعلوم افراد نے شناختی کارڈ دیکھ کو 9 مسافروں سمیت 11 افراد کو اغوا کے بعد قتل کردیا۔
ڈپٹی کمشنر نوشکی حبیب اللہ موسٰی خیل نے بتایا کہ ایک درجن سے زائد نامعلوم افراد نے قومی شاہراہ کو بند کرکے مسافر بس کو روکا اور پھر اس میں سے شناختی کارڈ دیکھ کر مسافروں کو بس سے اتار کر اپنے ساتھ لے گئے۔
بعد ازاں انہیں گولیاں مار کر قتل کر کے لاشیں پل کے نیچے پھینک دیں۔
مسلح دہشت گردوں نے نہ رُکنے پر ایک بس پر فائرنگ کی‘ جس کے نتیجے گاڑی کے ٹائر برسٹ ہوئے اور وہ الٹ کر کھائی میں گر گئی، جس میں چار افراد زخمی اور ایک ہلاک ہوا۔
گاڑی الٹنے اور فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک شخص بعدازاں اسپتال میں دم توڑ گیا۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے مطابق حملہ آوروں کی فائرنگ کی زد میں آکر ایک موٹرسائیکل سوار بھی زخمی ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ مسلح افراد نے بس میں سوار 8 مسافروں کو اُتار کر اغوا کرلیا اور قریبی پہاڑوں کی طرف فرار ہوگئے، بعدازاں کچھ فاصلے پر ایک پُل کے نیچے سے اغوا ہونے والے تمام 9 مسافروں کی لاشیں ملیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش کے لیے پولیس، ایف سی اور دیگر سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوشکی میں مسافروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کو معاف نہیں کیا جائے گا، مسافروں کا قتل غیر انسانی فعل، ناقابل معافی جرم ہے، دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ نہتے اور معصوم افراد پر بزدلانہ حملوں میں ملوث دہشت گردوں کا پیچھا کریں گے، ان کا قلع قمع کرکے دم لیں گے، انہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی آخری کونے تک پیچھا کریں گے۔
انکا کا مزید کہنا تھا کہ امن کے دشمن ملک کے دشمن ہیں، دہشت گردی کے واقعات کا مقصد بلوچستان کے امن کو ثبوتاژ کرنا ہے تاہم ریاست اپنا کردار ادا کرے گی۔
وزیر اعلٰی بلوچستان نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہارکیا اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم کیا۔
وزیراعظم پاکستان، صدر مملکت، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے بھی مسافروں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
Comments
0 comment