ڈونلڈ ٹرمپ اور فیلڈ مارشل کی اہم ملاقات کا اعلامیہ جاری

Webdesk
|
19 Jun 2025
راولپنڈی: فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان اعلی سطحی ملاقات وائٹ ہاوس کے اوول آفس میں ہوئی، قبل ازیں امریکی صدر نے سپہ سالار کے اعزاز میں کیبنٹ روم میں ظہرانہ دیا۔
امریکا کی طرف سے ملاقات میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو اور امریکی خصوصی نمائندہ برائے مشرق وسطی سٹیو ویٹکوف موجود تھے جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر ملاقات میں موجود تھے۔
آرمی چیف نے پاکستان اور پاکستان کی عوام کی جانب سے پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی میں مثبت اور نتیجہ خیز کردار ادا کرنے پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی اقوام عالم کو در پیش متعدد چیلنجز کو سمجھنے اور ان سے نبرد آزما ہونے کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
امریکی صدر نے پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشتگردی کی مد میں جاری تعاون اور خطے میں پاکستان کی قیام امن کی کوششوں کو سراہا، امریکا اور پاکستان کے درمیان انسداد دہشتگردی میں تعاون کو جاری رکھنے پر دونوں جانب سے اتفاق کیا گیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے ساتھ باہمی مفاد پر قائم مثبت تجارت کے معاہدہ کا اظہار کیا، امریکا اور پاکستان کے درمیان معاشی اور تجارتی تعاون، مائنز اور منرلز، آرٹیفیشیل انٹیلیجینس، انرجی سیکٹر، کرپٹو کرنسی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بارے میں اتفاق ہوا۔
امریکی صدر کے ساتھ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات کے دوران ایران اسرائیل تنازع پر تفصیلا گفتگو بھی کی گئی جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستانی سپہ سالار کی قائدانہ اور فیصلہ کن صلاحیتوں کو سراہا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے صدر ٹرمپ کو حکومت پاکستان کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت دی، امریکی صدر کے دورے کی تاریخ کا تعین باہمی مشاورت سے ہوگا۔
Comments
0 comment