ڈی آئی خان میں آپریشن کے دوران 7 خوارج ہلاک، نوجوان میجر شہید

6 hours ago

ڈی آئی خان میں آپریشن کے دوران 7 خوارج ہلاک، نوجوان میجر شہید

میجر سبطین کا تعلق کوئٹہ سے تھا
ڈی آئی خان میں آپریشن کے دوران 7 خوارج ہلاک، نوجوان میجر شہید

ویب ڈیسک

|

9 Oct 2025

ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران پاک فوج کا ایک افسر شہید ہوگیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں سات بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن 8 اکتوبر کو خیبرپختونخوا کے علاقے درابن میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں میجر سبطین حیدر بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 30 سالہ میجر سبطین حیدر کا تعلق کوئٹہ سے تھا اور وہ آپریشن کے دوران اپنی ٹیم کی قیادت کر رہے تھے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے میجر سبطین کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع میں ان کی قربانی قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید افسر نے بہادری اور ایثار کی مثال قائم کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اپنے بیان میں سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاک فوج نے ایک بار پھر ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے دہشتگردوں کو “فتنہ خوارج” قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

وزیراعظم نے شہید افسر کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ “پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے جو دن رات ملک کے تحفظ کے لیے جانیں قربان کر رہے ہیں۔”

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی تاکہ ملک میں دیرپا امن قائم کیا جا سکے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!