3 hours ago
افغان مہاجرین کے معاملے پر عمران خان کی منظوری کے بغیر حکومتی پالیسی کا ساتھ نہیں دے سکتا، وزیر اعلی سہیل آفریدی

ویب ڈیسک
|
17 Oct 2025
خیبر پختونخوا کے وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کے ساتھ افغان مہاجرین اور دیگر اہم امور پر ہونے والے اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا۔
یہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہ وہ اپنے قائد عمران خان سے مشاورت کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کر سکتے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر بیان جاری کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ اس اجلاس میں اس لیے شامل نہیں ہو رہے کیونکہ وہ عمران خان سے رہنمائی حاصل نہیں کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں جو منصب ملا ہے وہ ''عمران خان کے نام پر عوام کے اعتماد'' کی بدولت ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ''جب تک میں عمران خان سے ملاقات کر کے پالیسی ہدایات نہیں لیتا، ایسے کسی اجلاس میں شرکت عوامی مینڈیٹ کی توہین ہوگی۔''
وزیرِاعلیٰ نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ انہیں اپنے قید رہنما سے باقاعدہ ملاقات کی اجازت دی جائے، کیونکہ عمران خان ہی ''خیبر پختونخوا کے عوامی مینڈیٹ کے اصل امین'' ہیں۔
سہیل آفریدی نے مزید بتایا کہ وہ عدالت سے رجوع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ عمران خان سے جیل میں ملاقات کی اجازت حاصل کی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق جمعرات کے روز وزیرِاعلیٰ آفریدی اڈیالہ جیل گئے تھے مگر دو گھنٹے انتظار کے باوجود انہیں عمران خان سے ملنے نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی صوبائی کابینہ کا حتمی فیصلہ بھی عمران خان سے مشاورت کے بعد ہی کریں گے۔
Comments
0 comment