فیض حمید ہر خواجہ آصف کا بڑا الزام
ویب ڈیسک
|
13 Dec 2025
وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی اور ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 2017 میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے ذمہ دار تھے، جبکہ ان کے خلاف مزید مقدمات بھی جلد دائر کیے جائیں گے تاکہ وسیع تر احتساب کو یقینی بنایا جا سکے۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ فیض حمید نے پاکستان کی سیاسی تاریخ میں متنازع کردار ادا کیا اور ایسی سازشوں میں ملوث رہے جن کے نتیجے میں نواز شریف کو اقتدار سے ہٹایا گیا اور بعد ازاں عمران خان کی حکومت قائم ہوئی۔ ان کے مطابق فیض حمید نے بعض سیاسی شخصیات کے ساتھ مل کر عدالتی اور سیاسی فیصلوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ فیض حمید اور ان کے سیاسی ساتھیوں کے اقدامات نے ریاستی اداروں اور جمہوری نظام کو شدید نقصان پہنچایا، جس کے اثرات طویل عرصے تک محسوس کیے جاتے رہیں گے۔
خواجہ آصف کے یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب فوجی عدالت نے پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت 15 ماہ طویل عدالتی کارروائی کے بعد فیض حمید کو سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور اختیارات کے ناجائز استعمال سمیت متعدد الزامات میں 14 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی اور دیگر اعلیٰ شخصیات کے فیصلوں کے نتائج پورے ملک پر مرتب ہوئے اور آئندہ دنوں میں فیض حمید کے خلاف مزید قانونی کارروائیاں بھی متوقع ہیں۔
Comments
0 comment