ہراسانی کیس ، سی سی او کے الیکٹرک مونس علوی کیخلاف کیس میں پیشرفت

ہراسانی کیس ، سی سی او کے الیکٹرک مونس علوی کیخلاف کیس میں پیشرفت

سندھ ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران یہ پیشرفت سامنے آئی
ہراسانی کیس ، سی سی او کے الیکٹرک مونس علوی کیخلاف کیس میں پیشرفت

ویب ڈیسک

|

12 Sep 2025

سندھ ہائی کورٹ نے صوبائی محتسب کے حکم کے تحت کے-الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو افسر کو ہراسانی کے الزام میں معطل کرنے کے فیصلے پر دیے گئے عبوری حکم کی مدت میں توسیع کر دی۔

مونس علوی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں انہوں نے محتسب کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔ عدالت نے دوران سماعت یہ تجویز پیش کی کہ محتسب کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر معاملہ گورنر سندھ کو بھجوایا جائے تاکہ وہ اپیل پر مقررہ مدت میں فیصلہ کریں۔ تاہم شکایت کنندہ کے وکیل نے اس تجویز سے اختلاف کیا اور کہا کہ ہائی کورٹ اس معاملے کو سننے کی مجاز نہیں کیونکہ سی ای او نے پہلے ہی گورنر سندھ کے پاس اپیل دائر کر رکھی ہے۔

شکایت کنندہ کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ بیک وقت دو فورمز پر کارروائی نہیں چل سکتی، اگر ہائی کورٹ میں سماعت چاہتے ہیں تو گورنر کے پاس دائر اپیل واپس لی جائے۔ دوسری جانب درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیے کہ اعلیٰ عدلیہ کے کئی فیصلوں کی روشنی میں ہائی کورٹ ماتحت فورم کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر متعلقہ اتھارٹی سے رجوع کا حکم دے سکتی ہے۔

سماعت کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ گورنر سندھ کے سامنے اپیل زیر سماعت ہے لیکن شکایت کنندہ کی جانب سے کارروائی مؤخر کرنے کی استدعا کی گئی۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ عدالت گورنر کو پابند کر سکتی ہے کہ وہ مقررہ وقت میں اپیل پر فیصلہ کریں۔

درخواست گزار کے وکیل نے مزید کہا کہ قانون کے مطابق گورنر کو نوے روز میں فیصلہ دینا ہوتا ہے جبکہ کے-الیکٹرک چونکہ بین الصوبائی ادارہ ہے، اس لئے صوبائی محتسب کو کارروائی کا اختیار ہی حاصل نہیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ اگر فریقین عدالتی تجویز پر متفق نہیں ہوتے تو عدالت خود دائرہ اختیار کا فیصلہ کرے گی۔

سندھ ہائیکورٹ نے محتسب کے حکم کو معطل رکھنے کا عبوری حکم برقرار رکھتے ہوئے مزید سماعت چار ہفتوں کے لئے ملتوی کر دی۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!