کم عمری کی شادی پر پابندی کا بل اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے، جے یو آئی

ویب ڈیسک
|
21 May 2025
اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے رہنماؤں نے اٹھارہ سال سے کم عمر کی شادی کے خلاف پیش کیے گئے بل کو قرآن و سنت کے منافی قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف بھرپور احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
جے یو آئی کے ترجمان نے کہا کہ "اٹھارہ سال سے کم عمر کی شادی کا بل اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔ اسلام اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، اور ہم کسی بھی غیر اسلامی قانون کو قبول نہیں کریں گے۔" انہوں نے مزید کہا کہ "جس طرح پاکستان کے دفاع کو ہم اپنا فرض سمجھتے ہیں، اسی طرح اسلام کے دفاع کو بھی ہم ایمانی فریضہ گردانتے ہیں۔"
جے یو آئی کے رہنما اسلم غوری نے کہا کہ "قوم کو ہندوستانی جارحیت کے خلاف متحد ہونے کی طرح اسلام کے خلاف ہونے والی کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنا چاہیے۔" انہوں نے زور دے کر کہا کہ "ہم اٹھارہ سال سے کم عمر کی شادی کے مسئلے پر بھرپور احتجاج کریں گے اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ یہ بل فوری طور پر واپس لیا جائے۔"
جے یو آئی کے ترجمان نے پارلیمنٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "لگتا ہے کہ پارلیمنٹ کا کام صرف اسلام کے خلاف قوانین بنانا ہے۔ حکمران آئے روز غیر اسلامی قوانین متعارف کروا کر ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔"
رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر اس بل کو واپس لے اور ایسے اقدامات سے گریز کرے جو اسلامی اقدار کے منافی ہوں۔
Comments
0 comment