کراچی، 12 سالہ گھریلو ملازمہ کو انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنانے والی مالکن اور شوہر کی ضمانت منظور

ویب ڈیسک
|
8 Sep 2025
کراچی کی ایک مقامی عدالت نے 12 سالہ گھریلو ملازمہ زینب کو استری سے جلانے کے مقدمے میں گرفتار مالکن اور شوہر کی ضمانت منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق طارق روڈ کے گھر میں کام کرنے والی 12 سالہ زینب سے مبینہ طور پر استری کے دوران مالکن کا نیا دوپٹہ جل گیا تھا جس پر اُس نے بچی کو انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنایا اور جسم کے مختلف حصوں کو استری سے داغا تھا۔
بچی تشویشناک حالت میں جناح اسپتال میں زیر علاج ہے جبکہ والدین کی مدعیت میں فیروز آباد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا جس کے بعد پولیس نے میاں بیوی کو کل رات ہی گرفتار کرلیا تھا۔
پیر کو یہ مقدمہ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں پولیس نے گرفتار کیے گئے جوڑے کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا۔
مقدمہ کی مدعیہ، آسیہ، نے عدالت کو بتایا کہ اس واقعے میں لڑکی کے پاؤں اور کمر شدید جھلس گئے تھے۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ زینب اس وقت جناح اسپتال میں زیرِ علاج ہے، تاہم اس کی میڈیکل رپورٹ ابھی تک جمع نہیں کروائی گئی۔ فیروز آباد پولیس نے الزامات کے بعد مقدمہ درج کر کے ملزم جوڑے کو گرفتار کیا تھا۔
پولیس کی رپورٹ کے مطابق، لڑکی کو بے رحمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اپنے بیان میں زینب نے بتایا کہ کپڑے استری کرتے ہوئے مالکن کا دوپٹہ جل گیا تھا، جس پر مالکن اور اس کے شوہر نے اسے گرم استری سے داغا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔
زینب کی والدہ کو 31 اگست کو اطلاع دی گئی تھی کہ زینب کی طبیعت خراب ہے اور اس کے زخموں کے لیے طبی امداد کی ضرورت ہے۔
وکلاء کے دلائل سننے کے بعد، عدالت نے ملزم جوڑے کو 30،000 روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت دے کر رہا کرنے کا حکم دیا۔
Comments
0 comment