مراد علی شاہ نے وزیراعلی سندھ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
ویب ڈیسک
|
27 Feb 2024
مراد علی شاہ نے مسلسل تیسری بار اور سندھ کے 25ویں وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے نومنتخب وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے منگل کے روز گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے گورنر ہائوس میں حلف لیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی تقریب حلف برداری میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ کی تقریب حلف برداری کے انتظاما ت چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم نے انجام دیئے۔ تقریب کے آغاز میں چیف سیکرٹری نے کہا کہ منتخب ایم پی ایز نے 26 فروری کو سید مراد علی شاہ کو صوبائی اسمبلی میں سندھ کا وزیر اعلیٰ منتخب کر لیا تھا۔
گورنر سندھ نے نومنتخب 38ویں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے حلف لیا، اس دوران سبکدوش ہونے والے نگراں وزیراعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر بھی اسٹیج پر موجود تھے۔
تقریب حلف برداری میں فریال تالپور، سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، سابق اسپیکر آغا سراج درانی، اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ، ڈپٹی اسپیکر انتھونی نوید، سابق وزراء اور پیپلز پارٹی کے ایم پی ایز ناصر شاہ، شرجیل میمن، امتیاز شیخ، سعید غنی، سردار شاہ، جام خان شورو نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں مختلف ممالک کے سفارت کاروں، آئی جی پولیس، پاک بحریہ اور فضائیہ کے سینئر ترین افسران، سابق چیف سیکرٹریز اور دیگر نے بھی شرکت کی۔تقریب میں نومنتخب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی حلف برداری تقریب میں معزز افراد اوران کے حلقے سے تعلق رکھنے والے اہم افراد نے بھی شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ اپنے حلقے سے تعلق رکھنے والے افراد میں گھل مل گئے اور سیلفیاں لیں۔
Comments
0 comment