پاک بھارت جنگ بندی کیسے ہوئی؟ پس پردہ حقائق سامنے آگئے

پاک بھارت جنگ بندی کیسے ہوئی؟ پس پردہ حقائق سامنے آگئے

شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا کیا
پاک بھارت جنگ بندی کیسے ہوئی؟ پس پردہ حقائق سامنے آگئے

ویب ڈیسک

|

14 May 2025

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کے پس پردہ اہم حقائق بیان کردیے۔

امریکی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز کو انٹرویو میں عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی بین الاقوامی سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے، جس میں امریکا، چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکی اور قطر جیسے ممالک نے کلیدی کردار ادا کیا۔  

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا کیا جبکہ چین، سعودی عرب، یو اے ای، ترکی اور قطر نے بھی جنگ بندی کے لیے اہم سفارتی اقدامات کیے جس پر اُن کا بھی پاکستان نے شکریہ ادا کیا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی فوجی تنصیبات اور اسلحہ ڈپوؤں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بھارت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔  انہوں نے زور دے کر کہا کہ "بھارت مزید کشیدگی برداشت کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھا، جس کی وجہ سے جنگ بندی ہوئی۔"

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو پانی کی فراہمی بند نہیں کی اور نہ ہی اس کی صلاحیت رکھتا ہے۔  عطا تارڑ نے کہا کہ "امریکی صدر ٹرمپ مسئلہ کشمیر کے حل کے خواہاں ہیں، جس کا اظہار ان کی ٹویٹس میں ہوا۔"

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے پہلگام حملے پر افسوس کا اظہار کیا اور شفاف تحقیقات کی پیشکش کی، لیکن بھارت نے بغیر ثبوت کے پاکستان پر الزامات عائد کیے۔  تارڑ نے کہا کہ "7 لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی کے باوجود پہلگام حملہ بھارت کی سیکیورٹی ناکامی ہے۔"

انہوں نے کہا کہ "پاکستان میں کسی دہشت گرد گروہ کی محفوظ پناہ گاہ موجود نہیں اور "پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور پاکستان کی فتح یقینی ہے۔"

عطاء اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ جنگ بندی پاکستان کی کمزوری نہیں بلکہ حکمت عملی کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے، لیکن کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!