پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، میجر سمیت 5 جوان شہید

ویب ڈیسک
|
1 Sep 2025
گلگت بلتستان کے ضلع چلاس کےعلاقے ہُڈور گاؤں کے قریب پاک فوج کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں میجر تمام پانچ جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ دلخراش حادثہ صبح تقریباً 10 بجے پیش آیا جب ہیلی کاپٹر تھکداس کینٹونمنٹ سے تقریباً 12 کلومیٹر کے فاصلے پر تکنیکی خرابی کے باعث کریش لینڈنگ کا شکار ہوا۔ بدقسمتی سے ہیلی کاپٹر مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
شہید ہونے والوں میں میجر عاطف (پائلٹ ان کمانڈ)، میجر فیصل (کو-پائلٹ)، نائب صوبیدار مقبول (فلائٹ انجینئر)، حوالدار جہانگیر (کریو چیف)، اور نائیک عامر (کریو چیف) شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز پر تھا، جو کہ آرمی ایوی ایشن کی معمول کی سرگرمیوں کا حصہ ہے۔ یہ تربیتی پروازیں آپریشنل تیاری کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہیں، جو نہ صرف ملکی دفاع بلکہ انسانی ہمدردی پر مبنی امدادی و بحالی کے مشنز کے لیے بھی ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاک فوج ملک کے دفاع اور عوامی خدمت کے ہر پہلو میں بھرپور تیاری کو یقینی بناتی رہے گی۔
صدر مملکت، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سمیت دیگر اہم شخصیات نے ہیلی کاپٹر حادثے اور شہادتوں پر افسوس کا اظہار کرتے کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔
Comments
0 comment