پاک ایران کشیدگی میں اضافہ ،پاکستانی ایئرلائنز کو ایرانی حدود کے حوالے سے اہم حکم
ویب ڈیسک
|
19 Jan 2024
ایران کے ساتھ جاری کشیدہ صورت حال کے تناظر میں پاکستان نے پروازوں کی سخت مانیٹرنگ شروع کردی ہے جبکہ پاکستانی فضائی کمپنیوں کو ایرانی فضائی حدود بھی استعمال نہ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاک ایران کشیدگی کے حوالے سے پاکستان نے ایران سمیت مغربی سمت سے آنے والی تمام پروازوں کی سخت نگرانی شروع کردی۔ اس سلسلے میں مغربی سرحدوں پر فضا میں ہونے والی ہر سرگرمی کو سختی سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
تازہ صورت حال کے پیش نظر مغربی سمت سے آنے والی تمام پروازوں سے متعلق الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو مغرب سے پاکستان کی حدود میں آنے والی تمام پروازوں کی سخت مانیٹرنگ کی ہدایت موصول ہوئی ہے۔
ائر ٹریفک کنٹرول کو ایران سمیت تمام مغربی پروازوں کی تفصیلات اکھٹی کرنے کی ہدایات ملی ہیں۔ اس قبل پہلے مغرب کی طرف سے پاکستان آنے والی پروازوں کی سخت مانیٹرنگ کبھی نہیں ہوئی۔ تاحال پاکستان اور ایران کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کے لیے کھلی ہوئی ہے ۔ ائر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کو تاحال ایران کے لیے فضائی حدود کی بندش کے متعلق کوئی ہدایت نہیں ملی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق پاک ایران جاری کشیدگی کے تناظر میں پی آئی اے سمیت تمام پاکستانی ایئرلائنز سے کہا گیا ہے کہ ایرانی فضائی حدود استعمال کرنے سے اجتناب کریں۔
سعودی عرب اور یو اے ای سے آنے والی پی آئی اے سمیت تمام پاکستانی ایئرلائنز کو مسقط کے روٹ سے بحیرہ عرب کے راستے پاکستان میں داخل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
غیر ملکی ایرلائنز بھی پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے کے لیے ایرانی فضائی حدود سے گزرنے سے گریز کررہی ہیں، پاکستان ایئر ٹریفک کنٹرول تمام غیر ملکی اور ملکی ایئرلائنز کی محفوظ فضائی راستے کے لیے رہنمائی کر رہا ہے۔
سی اے اے کے ذرائع کے مطابق یورپی ملکوں، ترکیہ سمیت مغربی ممالک کی پاکستان آنے والی پروازیں بھی ایرانی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کو ترجیح دے رہی ہیں۔
Comments
0 comment