پشاور ہائیکورٹ کا صوبے بھر کی شاہراہوں سے دھرنے فوری ختم کروانے کا حکم
ویب ڈیسک
|
17 Feb 2026
پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے صوبے میں مختلف مقامات پر سڑکوں اور موٹر ویز کی بندش کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے حکام کو فوری طور پر تمام بند راستے کھولنے کا حکم دے دیا۔
کیس کی سماعت جسٹس اعجاز انور اور جسٹس فرح جمشید نے کی۔ سماعت کے دوران چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اور آئی جی پولیس عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ سڑکیں کتنے دن سے بند ہیں، جس پر آئی جی پولیس نے بتایا کہ گزشتہ تین روز سے مختلف پوائنٹس پر راستے بند تھے اور 16 میں سے 10 مقامات کھول دیے گئے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ سڑکوں کی بندش سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور پشاور سے لوگ باہر نہیں جا پا رہے۔
جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ صوبہ پہلے ہی مختلف مسائل سے دوچار ہے، عوام کو مزید تکلیف نہ دی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آج سے ہی یقینی بنایا جائے کہ کسی صورت موٹر وے بند نہ ہو۔
آئی جی پولیس نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ سڑکیں فوری طور پر کھول دی جائیں گی۔ بعد ازاں عدالت نے سماعت ملتوی کر دی۔
دوسری جانب صوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر عباداللہ خان نے عدالتی فیصلے کو عوام کی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بند شاہراہوں کو کھلوانے کے لیے عدالت سے رجوع کیا گیا تھا تاکہ مریضوں، طلبہ اور مزدوروں کو ریلیف مل سکے۔
ڈاکٹر عباداللہ خان کا کہنا تھا کہ عوام کو مشکلات میں ڈالنے کی سیاست قبول نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے حکم پر آج تمام بند سڑکیں کھول دی جائیں گی اور یہ کامیابی عوام کی ہے۔
Comments
0 comment