پاسپورٹ بنوانے والوں کے لئے بڑی خوشخبری
Webdesk
|
19 Jun 2026
اسلام آباد : بیرون اور اندرون ملک پاسپورٹ کی ہوم ڈلیوری کے لیے ابتدائی کام مکمل کرلیا گیا. یکم جولائی سے ملک کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس نظام نافذ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت پاسپورٹ ہیڈ کوارٹرز میں ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن محمد علی رندھاوا نے وزیر داخلہ کو موجودہ چیلنجز اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں شہریوں کی سہولت اور سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے پاسپورٹ کے پورے نظام کو جدید بنانے کے لیے کئی تاریخی فیصلے کیے گئے ہیں۔اجلاس میں پاسپورٹ کے اجرا کو روایتی طریقے سے ہٹا کر مکمل طور پر ای پاسپورٹ پر منتقل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ای پاسپورٹ کے نفاذ سے پاسپورٹ کے شعبے میں جاری فراڈ، اسکارپنگ اور جعلسازی کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو جائے گا۔ نظام کو مزید آسان بنانے کے لیے تمام آن لائن پاسپورٹ درخواستوں کو نادرا کے قائم کردہ پاک آئی ڈی کے مرکزی پلیٹ فارم پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ نے شہریوں کو لائنوں اور ایجنٹ مافیا سے بچانے کے لیے دو بڑے اقدامات کی منظوری دی ، اندرون اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے پاسپورٹ کی ہوم ڈلیوری کا ابتدائی کام مکمل کر لیا گیا اور شہریوں کو پاسپورٹ ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کا عمل بہت جلد شروع کر دیا جائے گا۔
کرپشن اور رشوت ستانی کے خاتمے کے لیے یکم جولائی سے ملک کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس نظام نافذ کر دیا جائے گا، جہاں تمام ادائیگیاں صرف ڈیجیٹل طریقوں سے ہوں گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جو شہری فاسٹ ٹریک یا پریمیم سروسز حاصل کرنا چاہتے ہیں، انہیں ان سہولیات کے اخراجات کے مطابق ہی فیس ادا کرنا ہوگی۔
ملکی معیشت اور تاجر برادری کو سہولت دینے کے لیے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت جاری کی ہے کہ بزنس پاسپورٹ پالیسی کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی مشاورت سے جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ کاروباری شخصیات کے لیے سفری دستاویزات کا حصول آسان بنایا جا سکے۔
وزارت داخلہ نے پاسپورٹ کے پورے نظام میں اہم اصلاحات لانے کا فیصلہ ہے۔ پاسپورٹ کیاجراکومکمل طور پر ای پاسپورٹ پر منتقل کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔
Comments
0 comment