پی ٹی آئی نے 5 اگست کا شیڈول تیار کرلیا، اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج ہوگا

ویب ڈیسک
|
4 Aug 2025
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 5 اگست کو احتجاج کا اعلان کیا ہے جس کے لیے پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے ایک تفصیلی منصوبہ تیار کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، احتجاج کا مقصد پارٹی چیئرمین کی گرفتاری اور عدالتی فیصلوں کے خلاف آواز اٹھانا ہے۔
پی ٹی آئی کے تمام ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹرز کو اسلام آباد طلب کر لیا گیا ہے، جہاں وہ اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کریں گے۔ اس احتجاج کی مکمل نگرانی پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کریں گے۔
ارکان صوبائی اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں احتجاجی مظاہرے کریں گے۔ اس حوالے سے تمام صوبائی صدور اور چیف آرگنائزرز سے مشاورت مکمل ہو چکی ہے۔
یہ احتجاج "تحریک تحفظ آئین پاکستان" کے پلیٹ فارم سے کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے ذمہ داران نے احتجاجی شیڈول اعلیٰ قیادت کو پہنچا دیا ہے۔ اس کے علاوہ، تمام ٹکٹ ہولڈرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ وہ احتجاج میں بھرپور شرکت کو یقینی بنا سکیں۔
تمام صوبائی صدور اور کوآرڈینیٹرز کو مرکزی قیادت سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Comments
0 comment