پی ٹی آئی نے باجوڑ میں امیدوار کے قتل کی ذمہ داری کس پر ڈالی؟
ویب ڈیسک
|
31 Jan 2024
باجوڑ میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کے قتل کی ذمہ داری نگراں حکومت پر عائد کردی گئی۔
پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے باجوڑ سے پاکستان تحریک کے قومی اسمبلی کیلئے امیدوار ریحان زیب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے کے واقعے کی شدید مذمت اور گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ ہمارے امیدواران و عوامی اجتماعات کو مسلسل دہشت گرد کارروائیوں کا نشانہ بنایا جانا انتخابات کی ساکھ اور شفافیت پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، سبی میں پی ٹی آئی کی انتخابی ریلی پر حملے کے بعد فائرنگ کے نتیجے میں قومی اسمبلی امیدوار کے قتل کی ذمہ داری نااہل نگران حکومتوں پر عائد ہوتی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’غیر آئینی نگران حکومت کی تمام تر توجہ اپنے دستوری فرائض کی ادائیگی کی بجائے ایک سیاسی جماعت کو انتخابات سے باہر کرنے کے ایجنڈے پر ہے، عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے تحفظ کی ذمہ داری نگران حکومت کی ہے جس میں وہ بری طرح ناکام ہو چکی ہے‘۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ ’تحریک انصاف کے امیدواروں کے غیرقانونی اغوا کے سلسلے کے بعد پرتشدد کارروائیوں کا مقصد خوف کی فضا پیدا کر کے امیدواروں کو انتخابات سے دستبردار ہونے پر مجبور کرنا ہے، ریحان زیب کے قتل کے واقعے کی فوری تحقیقات کی جائیں اور ملوث مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے‘۔
تحریک انصاف کی قیادت نے کہا کہ انتخابی مہم میں حصہ لینے والے پی ٹی آئی کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے تمام امیدواروں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے، الیکشن کمیشن اور عدلیہ ریحان زیب کےقتل سمیت تحریک انصاف کے خلاف دیگر پرتشدد واقعات کا نوٹس لیں اور ذمہ داران کو قوم کے سامنے لائیں۔
Comments
0 comment