1 hour ago
سہیل آفریدی سمیت پی ٹی آئی کے 24 اراکین اسمبلی و رہنماؤں کے پاسپورٹ بلاک
ویب ڈیسک
|
14 Sep 2026
اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سمیت پاکستان تحریک انصاف کے 24 اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور دیگر رہنماؤں کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے اسد قیصر، شہرام ترکئی، شاہ احد، شیر علی ارباب، محمد اقبال آفریدی، ڈاکٹر امجد علی، جنید اکبر، شاہد خٹک، زبیر وزیر، عمر ایوب، ارشد عمر زئی، زر عالم، میاں عمر اور اختر خان کے پاسپورٹ بھی بلاک کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حکم نامے کے مطابق ہمایوں خان، ریاض خان، عبدالکبیر خان، طفیل انجم، آصف محسود، عجب گل، محمد عثمان، بابر سلیم سواتی، عرفان سلیم، ایڈووکیٹ علی زمان اور ملک شہاب بھی ان افراد میں شامل ہیں جن کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ دستیاب ریکارڈ کے مطابق تمام افراد مقدمے میں نامزد ہیں، جبکہ تفتیشی افسر نے خدشہ ظاہر کیا کہ ملزمان قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے ملک سے فرار ہوسکتے ہیں۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ ملزمان پر ریاستی اداروں پر حملوں اور دہشت گردی کو فروغ دینے جیسے سنگین الزامات ہیں، جبکہ وہ عدالت میں پیش ہونے میں بھی ناکام رہے۔ عدالت کے مطابق عبوری ضمانت حاصل کرنے والے ملزمان بھی تاحال تفتیش میں شامل نہیں ہوئے۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے تفتیشی افسر کی درخواست منظور کرتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ادارے کو ہدایت کی کہ آئندہ احکامات تک مذکورہ افراد کے پاسپورٹ بلاک رکھے جائیں۔
Comments
0 comment