ایم کیو ایم کا صدارتی الیکشن میں آصف زرداری کو ووٹ دینے کا اعلان
Webdesk
|
8 Mar 2024
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم-پی) نے 9 مارچ (ہفتہ) کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے نامزد امیدوار آصف علی زرداری کو ووٹ دینے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
اس فیصلے کا اعلان ایم کیو ایم پی کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے جمعرات کی شب پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی کے مسائل مشترکہ کوششوں سے حل کریں گے۔ سابق وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ آصف علی زرداری بطور صدر کراچی کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔
قبل ازیں ایم کیو ایم پی پی پی پی کے صدارتی انتخابات اور سینیٹ چیئرمین کے ساتھ اختلافات کی وجہ سے پی پی پی کے امیدوار کی حمایت کرنے سے گریزاں تھی۔
تاہم، یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، سید خورشید شاہ، نوید قمر، شیری رحمان، سعد رفیق اور اعظم نذیر تارڑ پر مشتمل پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا وفد کراچی کی سب سے بڑی جماعت کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
اس سے قبل مرکز میں مخلوط حکومت بنانے والی تمام اتحادی جماعتوں نے صدارتی انتخاب میں آصف علی زرداری کی حمایت پر اتفاق کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق صدر 9 مارچ کو ہونے والے الیکشن میں 400 سے زائد ووٹ حاصل کریں گے۔
Comments
0 comment