1 hour ago
ایم نائن موٹروےکی خستہ حالی پر ہائی وے اتھارٹی سے جواب طلب
ویب ڈیسک
|
26 Feb 2026
کراچی: سندھ ہائی کورٹ میں ایم نائن موٹروے اور قومی شاہراہوں کی خراب حالت سے متعلق دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے متعلقہ حکام کو طلب کرتے ہوئے وضاحت مانگ لی۔
دو رکنی آئینی بینچ، جس کی سربراہی جسٹس محمد سلیم جیسّر کر رہے تھے، نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیئرمین، نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے انسپکٹر جنرل اور دیگر متعلقہ افسران کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 مارچ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
یہ درخواست صفیہ لاکھو نامی شہری کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ایم نائن موٹروے کی حالت انتہائی خراب ہوچکی ہے اور یہ سڑک استعمال کرنے والوں کے لیے خطرناک بنتی جا رہی ہے۔ درخواست گزار کے مطابق حالیہ دنوں میں ہونے والے کئی حادثات اور اموات کی ایک بڑی وجہ سڑک کی خستہ حالی اور ٹریفک کے ناقص انتظامات ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ سندھ میں قائم ٹول پلازوں سے بھاری آمدنی حاصل ہونے کے باوجود شاہراہوں کی دیکھ بھال پر توجہ نہیں دی جا رہی اور مرمت کا کام یا تو ناکافی ہے یا مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ صرف چند ہفتوں کے دوران دو درجن سے زائد افراد ٹریفک حادثات میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جن کی ایک بڑی وجہ غیر محفوظ سڑکیں ہیں۔
ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی سندھ کے جنرل منیجر اور سندھ ٹریفک پولیس کے ڈی آئی جی کو بھی آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
Comments
0 comment