پاکستان میں رمضان اور شوال کے چاند سے متعلق سپارکو کی نئی پیشگوئی

پاکستان میں رمضان اور شوال کے چاند سے متعلق سپارکو کی نئی پیشگوئی

سپارکو نے سعودی عرب میں بھی رمضان کے چاند سے متعلق پیش گوئی کردی
پاکستان میں رمضان اور شوال کے چاند سے متعلق سپارکو کی نئی پیشگوئی

ویب ڈیسک

|

24 Feb 2025

کراچی: پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے پاکستان اور سعودی عرب میں ماہ رمضان اور شوال کا چاند ںظر آنے سے متعلق پیشگوئی کردی۔

سپارکو کے ترجمان نے بتایا ہے کہ 28 فروری 2025 کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام 5 بج کر 45 منٹ پر نیا چاند پیدا ہوگا۔ تاہم، چاند کی کم بلندی اور سورج سے زاویائی فاصلے کی وجہ سے ہلال کا نظر آنا مشکل ہوگا۔  

سپارکو کے مطابق، 28 فروری کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے اور بلندی صرف 5 ڈگری ہوگی۔ چاند اور سورج کا زاویائی فاصلہ 7 ڈگری ہوگا، جو انسانی آنکھ سے ہلال کے نظر آنے کے لیے ناکافی ہے۔ لہٰذا، پاکستان میں رمضان المبارک کا آغاز 2 مارچ 2025 سے ہونے کا امکان ہے۔  

ترجمان سپارکو کے مطابق سعودی عرب میں 28 فروری کو ہلال نظر آنے کے امکانات ہیں، جس کی وجہ سے وہاں رمضان المبارک یکم مارچ سے شروع ہو سکتا ہے۔ اس طرح، سعودی عرب اور پاکستان میں رمضان کے آغاز میں ایک دن کا فرق ہو سکتا ہے۔  

سپارکو کے ترجمان نے مزید بتایا کہ شوال کا چاند 30 مارچ 2025 کو متوقع ہے، جس کے بعد عید الفطر 31 مارچ کو منائی جا سکتی ہے۔ تاہم، رمضان اور شوال کے چاند کی رویت کا حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کے پاس ہوگا، جو مقامی طور پر چاند دیکھنے کے بعد ہی اس بارے میں حتمی اعلان کرے گی۔  

سپارکو نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ رمضان اور عید الفطر کے چاند کی رویت کے حوالے سے رویت ہلال کمیٹی کے حتمی فیصلے کا انتظار کریں۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!