پاکستان میں اے آئی کے فروغ کیلیے گوگل سے معاہدہ طے

ویب ڈیسک
|
11 Sep 2025
پاکستان میں مصنوعی ذہانت استعمال کرنے والوں کیلیے بڑی خوش خبری سامنے آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں مصنوعی ذہانت کے فروغ اور عالمی اے آئی انقلاب کی پہلی صفِ میں لانے کی غرض سے انوویسٹا نے پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن، گوگل اور سسٹمز لمیٹڈ کے تعاون سے ملک کا پہلا "نیشنل ایجنٹک اے آئی ہیکاتھون 2025 منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ہیکا تھون کا مقصد جدید اے آئی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاکر ملک کے بڑے معاشی، سماجی اور ماحولیاتی مسائل کے حل تلاش کرنا ہے۔
گوگل اس منصوبے کا ٹیکنالوجی پارٹنر ہے۔ اس ہیکاتھون میں گوگل کلاؤڈ پلیٹ فارم پاکستانی ڈیولپرز کو جدید اے آئی ٹولز تک رسائی فراہم کرے گا۔
گوگل کی جانب سے اس تعاون سے مقامی ٹیلنٹ کو عالمی معیار کی ٹیکنالوجی اور رہنمائی میسر آئے گی، جو پاکستان کی ٹیکنالوجی ایکو سسٹم پر دیرپا اثر ڈالے گی۔
ہیکاتھون اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، گلگت بلتستان اور بہاولپور سمیت 6بڑے شہروں میں منعقد ہوگا اور اس میں ایک ہزار سے زائد ڈیولپرز شریک ہوں گے، خواتین کو شمولیت کے لئے خصوصی اہمیت دی جارہی ہے۔
منتخب ٹیموں کو انڈسٹری ماہرین سے تربیت ملے گی، جس کے بعد وہ ریجنل راؤنڈز میں حصہ لیں گے۔ فائنل مقابلہ اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ہیکاتھون میں زرعی ٹیکنالوجی، فِن ٹیک، موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کا انتظام، ڈیجیٹل انکلوژن اور پبلک ہیلتھ کے موضوعات پر توجہ دی جائے گی۔
انوویسٹا کے سی ای او ہشام سرور کے مطابق ایجنٹک اے آئی ہیکاتھون صرف ایک ایونٹ نہیں بلکہ ایک تحریک ہے، جس کا مقصد پاکستان کو عالمی اے آئی انقلاب کی صفِ اول میں لانا ہے۔ گوگل کے تعاون سے پاکستانی انوویٹرز عالمی معیار کے وسائل استعمال کرتے ہوئے ڈیجیٹل اکانومی میں نمایاں کردار ادا کر سکیں گے.
Comments
0 comment