7 hours ago
بنوں میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملے کی کوشش ناکام، 5 خوارج ہلاک، 6 جوان شہید

ویب ڈیسک
|
2 Sep 2025
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کے دوران فائرنگ سے پانچ ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بنوں میں وفاقی کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز پر بزدلانہ دہشت گرد حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد گروہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے 2 ستمبر کی صبح ہیڈ کوارٹرز کی بیرونی سیکیورٹی کو توڑنے کی کوشش کی تاہم بہادر جوانوں نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔
اعلامیے کے مطابق ناکام دہشت گردوں نے مایوسی میں بارود سے بھری گاڑی ہیڈ کوارٹرز کی دیوار سے ٹکرا دی، جس سے ایک حصہ منہدم ہوا جبکہ دھماکے سے قریبی آبادی کو نقصان پہنچا اور تین شہری زخمی ہوئے۔
ترجمان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی پراکسی گروہ کے تمام 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
اعلامیے کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج اور وفاقی کانسٹیبلری کے 6 بہادر سپاہی مادرِ وطن پر قربان ہو کر شہادت کے رتبے پر فائز ہوگئے۔
علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور اس بزدلانہ حملے کے منصوبہ سازوں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ہمارے بہادر سپاہیوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، مادر وطن کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔
Comments
0 comment