1 hour ago
ڈیفنس میں تیز رفتار گاڑی کی غریب آن لائن ڈیلیوری رائیڈر کو ٹکر
ویب ڈیسک
|
23 Feb 2026
کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے میں اتوار کی رات ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں فوڈ ڈیلیوری کرنے والا نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ خیابانِ اتحاد پر ساحل تھانے کی حدود میں پیش آیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے جس میں تیز رفتار گاڑی کو ٹریفک سگنل کی جانب آتے دیکھا جا سکتا ہے۔
فوٹیج کے مطابق ڈرائیور نے بظاہر ایک موٹر سائیکل سوار کو بچانے کی کوشش کی، تاہم گاڑی بے قابو ہو کر فٹ پاتھ پر چڑھ گئی اور پھر الٹ کر سڑک کی مخالف سمت جا گری۔ گاڑی الٹنے کے بعد ایک اور موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی جس پر فوڈ ڈیلیوری کرنے والا سوار موجود تھا۔
حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق زخمی نوجوان کی شناخت 32 سالہ فرحان ولد گل زمان کے نام سے ہوئی ہے جو ہجرت کالونی کا رہائشی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں ملوث گاڑی بہت تیز رفتاری سے چلائی جا رہی تھی۔
عینی شاہدین کے مطابق گاڑی میں سوار دو نوجوان حادثے کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے گاڑی کو تحویل میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ملزمان بعد میں سفید ڈبل کیبن گاڑی میں علاقے سے فرار ہوئے۔
Comments
0 comment