ڈیرہ اسماعیل خان سے خوارج کی نوجوان خودکش حملہ آور خاتون گرفتار

ڈیرہ اسماعیل خان سے خوارج کی نوجوان خودکش حملہ آور خاتون گرفتار

خاتون نے بتایا کہ اُس نے حال ہی میں کارروائی کی رضامندی ظاہر کی تھی
ڈیرہ اسماعیل خان سے خوارج کی نوجوان خودکش حملہ آور خاتون گرفتار

آفتاب مہمند

|

21 Feb 2026

انسداد دہشت گردی فورس خیبرپختونخوا نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کرتے ہوئے خاتون خودکش حملہ آور کو گرفتار کر کے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشتگردی خیبر پختونخواہ صوبہ بھر سے دہشتگردی کے خاتمے اور فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے  سرگرم عمل ہے، اسی سلسلے کی ایک کڑی سی ٹی ڈی ڈیرہ اسماعیل خان ریجن کی حساس اداروں کی مصدقہ اطلاع پر کی گئی کارروائی ہے جس میں ایک مبینہ خودکش حملہ آور خاتون کو گرفتار کر کے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔

محکمہ انسداد دہشتگری ڈیرہ اسماعیل خان ریجن کو خفیہ اداروں کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی کہ شیخ یوسف خیمہ بستی میں ایک جوان العمر خودکش حملہ آور خاتون موجود ہے جس پر سی ٹی ڈی سپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیمز (SWAT) نے  چھاپہ مار کر مذکورہ مقام پر ایک جوان العمر لڑکی کو پا کر پوچھ گچھ کرنے پر خاتون نے اپنا نام مسماۃ (ز) بتلایا اور کہا کہ وہ عرصہ دراز سے خارجی کمانڈر شاہ ولی عرف طارق کوچی کی تربیت میں رہی جو اب مر چکا  ہے۔

مبینہ خاتون خودکش حملہ آور نے مزید بتایا کہ وہ کالعدم تنظیم کی رکن ہے اور اس نے حالیہ دنوں میں خودکش حملے کیلئے رضامندی ظاہر کی تھی جس کیلئے خودکش جیکٹ اور ٹارگٹ خارجی کمانڈر عاصم نے فراہم کرنا تھی۔ خاتون کے خیمے سے ایک عدد کمانڈو بیگ بھی ملا جس میں پستول بمعہ  کارتوس، پرفیوم جو بارود کی بو کو اپنی خوشبو میں جذب کرے، 2 موبائل فون جس میں کالعدم تنظیم سے رابطے وغیرہ تھے، اس کے علاوہ پاور بینک اور دیگر سامان برآمد ہوا۔

انکشافات کے بعد مبینہ خاتون خودکش حملہ آور کو باضابطہ گرفتار کر کے مزید تفتیش کیلئے  منتقل کر دیا گیا ہے۔ انسپیکٹر جنرل اف پولیس ذوالفقار حمید نے سی ٹی ڈی ٹیم کی کامیاب اپریشن کو سراہتے ہوئے نقد انعام کا اعلان کر دیا۔

سی ٹی ڈی حکام نے  واضح کیا  کہ صوبہ بھر میں دہشتگردوں کے مذموم مقاصد کو خاک میں ملانے اور ہر قسم کی دہشتگردی روکنے کیلئے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ریاست مخالف عناصر کے زیروٹالرنس کی پالیسی پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!