8 hours ago
گارڈن میں عوام پر فائرنگ، لیاقت محسود اور گن مین کی عبوری ضمانت منسوخ
ویب ڈیسک
|
22 Nov 2025
کراچی کی سیشن عدالت جنوبی نے گارڈن رامسوامی میں ڈمپر کی ٹکر سے شہری کی ہلاکت اور اس کے بعد ہونے والی ہنگامہ آرائی و فائرنگ کے کیس میں ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت علی محسود کی عبوری ضمانت منسوخ کرتے ہوئے ان کی فوری گرفتاری کا حکم جاری کردیا ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ریکارڈ اور ویڈیوز میں ملزم اور اس کے گارڈز کو اسلحہ کے ہمراہ دیکھا جاسکتا ہے، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیلایا گیا۔ عدالت کے مطابق مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات کا اطلاق بنتا ہے۔
اسلحہ لائسنس ایکسپائر ہونے کا انکشاف
سماعت کے دوران عدالت نے نشاندہی کی کہ ملزم کا یہ مؤقف درست نہیں کہ اسلحہ کا پرمٹ ہوم ڈیپارٹمنٹ نے جاری کیا تھا۔
حکومتی ریکارڈ کے مطابق اسلحے کا لائسنس صرف ایک سال کے لیے جاری ہوا تھا جو اکتوبر میں ختم ہو چکا تھا۔ اس لیے واقعے کے روز ملزم کے گارڈز لائسنس سے محروم اسلحے کے ساتھ فائرنگ کرتے رہے۔
مدعی فریق کا مؤقف
مدعی کے وکیل ایڈووکیٹ ایڈوکیٹ سلمان مجاہد بلوچ نے دعویٰ کیا کہ واقعے کے بعد گارڈز نے عوام پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیلا۔
عدالت نے شواہد کا جائزہ لینے کے بعد لیاقت محسود کی عبوری ضمانت برقرار رکھنے سے انکار کرتے ہوئے گرفتار کرنے کی ہدایت کردی۔
Comments
0 comment