4 hours ago
حمل کیوجہ سے خاتون ملازمہ کو نکالنے پر لاکھوں روپے جرمانہ عائد، اقدام صنفی امتیاز قرار

ویب ڈیسک
|
21 Oct 2025
وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسانی (FOSPAH) نے خواتین کے حقوق سے متعلق ایک اہم فیصلہ سنا دیا جس میں کہا گیا ہے کہ کسی خاتون کو زچگی کی چھٹیوں کے دوران ملازمت سے برطرف کرنا صنفی امتیاز کے زمرے میں آتا ہے۔
یہ فیصلہ زینب زہرہ اعوان نامی خاتون کی درخواست پر سنایا گیا، جنہیں ایک نجی کمپنی نے دوران حمل چھٹیوں پر نوکری سے نکال دیا تھا۔
وفاقی محتسب فوزیہ وقار نے اپنے فیصلے میں کمپنی کا اقدام غیر قانونی اور امتیازی قرار دیتے ہوئے زینب زہرہ کی برطرفی کو کالعدم اور انہیں ملازمت پر بحال کرنے کا حکم دیا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق کمپنی پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے، جس میں سے 8 لاکھ روپے متاثرہ خاتون کو بطور معاوضہ اور 2 لاکھ روپے قومی خزانے میں جمع کرائے جائیں گے۔
فوزیہ وقار نے اپنے بیان میں کہا کہ "ماں بننا کسی عورت کے کیریئر میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے، محفوظ زچگی اور روزگار کا تحفظ ہر خاتون کا بنیادی حق ہے۔"
اس فیصلے کو خواتین کے لیے کاروباری و دفتری ماحول میں قانونی اور اخلاقی تحفظ کو مضبوط بنانے کی ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
Comments
0 comment