1 hour ago
آیت اللہ خامنہ ای سمیت تمام شہدا کا بدلہ لیا جائے گا، آبنائے ہرمز بند رہے گی، سپریم لیڈر کا پہلا بیان
ویب ڈیسک
|
12 Mar 2026
ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے منصب سنبھالنے کے بعد پہلے بیان میں آیت اللہ خامنہ ای سمیت ایران کے شہدا کا بدلہ لینے اور آبنائے ہرمز کو بند رکھنے کا اعلان کردیا۔
قوم کے نام جاری اپنے پہلے آڈیو پیغام میں مجتبیٰ خامنہ ای نے عوام اور فوج کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنے منصب کے مطابق کام کرتے ہوئے امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کے قتل کا بدلہ لیا جائے گا اور حملوں کے ذریعے دشمن کو حاوی نہیں ہونے دیا جائے گا، ایک ایک شہری کا بدلہ لیں گے جبکہ آبنائے ہرمز بند رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں ایرانی قوم نے یکجہتی کا مظاہرہ کرکے ثابت کیا کہ ایرانی عظیم قوم ہیں۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ امریکی اڈے بند نہ ہوئے تو حملے جاری رہیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا اب جنگ سے نکلنا چاہتا ہے مگر پاسدارانِ انقلاب نے واضح کردیا کہ اسکا فیصلہ ہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن ایرانی عوام کو نشانہ بنارہےہیں، ہمیں اپنے دشمن کو شکست دینی ہے شہدا کے خون کے بدلے کے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ عوام کا اتحادہ ہمیشہ قائم رہےگا، اللہ تعالیٰ قوم کی رہنمائی کرنے میں میرے مدد فرمائے، امریکی اڈے بند نہ ہوئے تو حملے جاری رہیں گے:۔
ایرانی سپریم لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ میرا عہدہ مجھ سے کئی چیزوں کا تقاضہ کررہا ہے، عوام نے دنیا کو دکھایا کہ ایرانی عظیم قوم ہیں، عوام کی حمایت کے بغیر میری کوئی اہمیت نہیں ہے۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ میرے والد، والدہ ، بہن ، بیٹے ، میری بھانجی اور میری بیوی کو شہید کر دیا گیا، لیکن میں صبر کروں گا ،اللہ مجھے صبر دے اور میں اس تکلیف کو برداشت کرسکوں مگر ہم پوری قوم کے شہدا کے مقدس خون کا حساب لیں گے۔
Comments
0 comment