1 hour ago
کراچی: آئل ٹینکر نے موٹر سائیکل کو کچل دیا، 3 سالہ بچی جاں بحق
Webdesk
|
23 Feb 2026
کراچی: شہرِ قائد کے علاقے کورنگی کراسنگ پر تیز رفتار آئل ٹینکر نے موٹر سائیکل کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں 3 سالہ بچی موقع پر جاں بحق جبکہ اس کا ایک سالہ بھائی اور چچا شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کورنگی اللہ والا ٹائون کی رہائشی 3 سالہ سائرہ اپنے 18 سالہ چچا راج محمد اور ایک سالہ بھائی سبحان کے ساتھ موٹر سائیکل پر جوس خریدنے جا رہی تھی۔
کورنگی کراسنگ کے قریب تیز رفتار آئل ٹینکر نے موٹر سائیکل کو زوردار ٹکر ماری، جس سے سائرہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی جبکہ راج محمد اور معصوم سبحان زخمی ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والی بچی کا خاندان محنت مزدوری کی غرض سے کراچی میں مقیم ہے اور ان کا آبائی تعلق گلگت بلتستان سے ہے۔ اسپتال میں قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد بچی کی میت غمزدہ لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہے۔
حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر موجود شہریوں نے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے ٹینکر ڈرائیور کو پکڑ کر زمان ٹان پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آئل ٹینکر کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا ہے اور ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
Comments
0 comment