کراچی، بلڈرز مافیا کے خلاف قانونی جنگ لڑنے والا شہری ٹارگٹ کلنگ میں قتل
ویب ڈیسک
|
19 Jan 2024
شہر قائد کے علاقے گرومندر کے قریب واقع پیپلزچورنگی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے بلڈر مافیا کے خلاف قانونی جنگ لڑنے والے شہری کو قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزچورنگی کے قریب نامعلوم ملزمان نے موٹرسائیکل پر سوار پی ای سی ایچ ایس طارق روڈ کے 59 سالہ فہیم الحسن کو دو گولیاں ماریں جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
مقتول واٹربورڈ میں بطور ٹیکس انسپکٹر کام کرتے تھے جبکہ اُن کا شمار ایماندار اور بہادر افسران میں ہوتا تھا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا۔
فہیم الحسن 3 بچوں کے والد اور اور واٹر بورڈ میں بطور ٹیکس انسپکٹر لیاقت آباد میں ڈیوٹی انجام دیتا تھا۔
مقتول نے لیاقت آباد میں غیر قانونی عمارتیں تعمیر کرنے والے بلڈر مافیا کے خلاف مہم شروع کی ہوئی تھی اور دو ماہ قبل ہی سندھ ہائیکورٹ سے لیاقت آباد سی ون ایریا بلوچ مسجد کی گلی میں 80 گز کے رہائشی پلاٹ پر تعمیر ہونے والی 6 منزلہ غیر قانونی عمارت کا کیس جیتا تھا۔
عدالتی حکم پر اس عمارت سے مکینوں کو بے دخل کر کے زمین سے لگا دیا گیا تھا۔ بلڈرز مافیا کے خلاف متحرک ہونے کی وجہ سے مقتول کو پہلے سے دھمکیاں موصول ہورہی تھیں جس پر اُس نے لیاقت آباد تھانے میں دو بلڈرز کے خلاف شکایت درج کروائی تھی اور پہلے سے قاتلوں کی نشاندہی کردی تھی۔
فہیم نے اس درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ قانونی جنگ لڑنے کی وجہ سے بلڈرز مافیا کی جانب سے اُسے سنگین نتائج کی دھمکیاں مل رہی ہیں اگر ایسے میں کسی ٹریفک حادثے میں بھی اُس کی موت ہوتی ہے تو درخواست میں لکھے گئے دو بلڈرز قتل کے ذمہ دار ہوں گے۔
جمعرات کی شب معمول کے مطابق فہیم رات ساڑھے دس بجے کے بعد تک لیاقت آباد سی ون ایریا میں دوستوں کے ساتھ بیٹھا رہا اور پھر اپنی موٹرسائیکل پر گھر طارق روڈ کیلیے روانہ ہوا، اس دوران اُسے پیپلزچورنگی پر پیچھے سے نشانہ بنایا گیا۔
ضابطے کی کارروائی میں یہ بات سامنے آئی کہ مقتول کے ایک گولی کمر اور دوسری بازو پر لگی تھی جو جسم میں داخل ہوگئی تھی۔ خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے اُس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
فہیم الحسن کا نماز جنازہ طارق روڈ رحمانیہ مسجد میں بعد جمعہ ادا کیا گیا جبکہ تدفین پی ای سی ایچ ایس کے قبرستان میں کی گئی، جس میں واٹربورڈ ملازمین، علاقہ مکینوں، رشتے داروں، دوست، عزیزوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مقتول کی مغفرت و بلند درجات کیلیے دعا کی۔
Comments
0 comment