1 hour ago
کراچی کے گل پلازہ میں خوفناک آتشزدگی سے اموات، کئی کی حالت تشویشناک
ویب ڈیسک
|
18 Jan 2026
شہر قائد میں واقع ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگنے والی آگ بے قابو ہوگئی جس سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوئے جن کی حالت تشویشناک ہے جبکہ متعدد پھنسے ہوئے بھی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گل پلازہ میں لگنے والی آگ تیزی سے پھیلتی ہوئی اوپری منزل تک پہنچ گئی جبکہ اس نے متعدد دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
آتشزدگی کی اطلاع موصول ہونے پر ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ محکمے اور ریسکیو رضاکار بھی جائے وقوعہ پہنچے جہاں سے جھلس کر زخمی ہونے والے 7 زخمیوں کو طبی امداد کیلیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان واٹرکارپوریشن کے مطابق فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 نے واٹر کارپوریشن سے فوری مدد طلب کرلی جبکہ واٹر کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی ہدایت پر نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق واٹر کارپوریشن کی جانب سے فوری طور پر واٹر ٹینکرز جائے وقوعہ پر روانہ کردیے گئے ہیں اور فوکل پرسن سی ای او برائے ہائیڈرنٹس سیل شہباز بشیر آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔
آگ بجھانے کے عمل میں فائر بریگیڈ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، واٹر کارپوریشن فائر بریگیڈ اور ریسکیو اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے، آتشزدگی پر مکمل قابو پانے تک واٹر ٹینکرز کی فراہمی جاری رہے گی۔
وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے عمارت میں پھنسے لوگوں کو فوری ریسکیو کرنے کیلیے ہر ممکن اقدامات کی ہدایت کی اور آگ لگنے کی وجوہات جاننے کیلیے تفتیش کرنے کا حکم دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ گل پلازہ کی عمارت کو مکمل محفوظ اور محفوظ کیا جائے اور آگ کو پھیلنے سے روکا جائے، فائر بریگیڈ گاڑیوں اور عملے کی رسائی کے لیئے راستوں کو کلیئر کیا جائے۔
Comments
0 comment