14 hours ago
کراچی کی شاہراہوں پر سرعام نازیبا حرکات کرنے والا اوباش نوجوان گرفتار
ویب ڈیسک
|
19 Dec 2025
کراچی میں خواتین کو ہراساں کرنے کے الزام میں ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم حمزہ موٹرسائیکل پر شہر کی مختلف سڑکوں پر خواتین اور لڑکیوں کو تنگ کرنے میں ملوث تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم چلتی موٹرسائیکل سے خواتین پر نازیبا اشارے کرتا، آوازیں کستا اور بعض مواقع پر ہاتھ لگانے کی کوشش بھی کرتا تھا۔ حالیہ واقعے میں ایک خاتون نے اس کی حرکت کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر دی، جس کے بعد معاملہ منظرِ عام پر آیا اور عوامی ردعمل سامنے آیا۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے وہ موٹرسائیکل بھی برآمد کی گئی جس پر وہ مبینہ طور پر یہ حرکات کرتا تھا، جبکہ موٹرسائیکل پر نمبر پلیٹ بھی موجود نہیں تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ عوامی حلقوں نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ خواتین کو ہراساں کرنے جیسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔
Comments
0 comment