کراچی میں ڈاکو راج، رمضان میں 20 شہری قتل

کراچی میں ڈاکو راج، رمضان میں 20 شہری قتل

رمضان کے دوران مسلح افراد نے مزاحمت پر گولیاں مار کر درجنوں افراد کو زخمی بھی کیا
کراچی میں ڈاکو راج، رمضان میں 20 شہری قتل

Webdesk

|

8 Apr 2024

کراچی: شہر قائد  میں رمضان المبارک کے دوران ڈاکوؤں نے مزاحمت پر  خاتون اور بچے سمیت 20 افراد کو قتل جبکہ درجنوں زخمی کردیا۔

شہرمیں اسٹریٹ کرائم کنٹرول کرنے کے لیے پولیس کی تدابیر بے سود ثابت ہوئیں۔ یکم تا 28 رمضان المبارک کے دوران 20 معصوم شہری ڈاکوؤں کے ہاتھوں ابدی نیند سوچکے ہیں جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

4 رمضان المبارک کو ملیرکینٹ کے علاقے سید ولیج میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا دودھ فروش 27 سالہ محمد جمیل دوران علاج زندگی کی بازی ہارگیا۔

5 رمضان المبارک کوعیسیٰ نگری بکرا پیڑی کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 32 سالہ فرحان جاں بحق ہوا۔ مقتول فرحان دودھ کا کاروبارکرتا تھا۔ 5 رمضان کو ہی اورنگی ٹاؤن سیکٹر 15 سی بنگلہ بازار کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی 28 سالہ محمد فرحان دوران علاج دم توڑ گیا۔

10 رمضان المبارک کو اورنگی ٹاؤن کرسچن محلے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 35 سالہ اختر ہلاک اور22 سالہ عابد زخمی ہوا۔ 10 رمضان کو ہی ملیرجناح ایونیو العصر ٹاورکے قریب ڈکیتی مزاحمت پرمسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے انجینیئر شعیب شفقت جان کی بازی ہار گیا۔

11 رمضان المبارک کو سہراب گوٹھ جونیجو گوٹھ میں ڈاکوؤں نے 6 سالہ اسرارعباس سے جینے کا حق چھین لیا۔

13 رمضان کو نارتھ کراچی سیکٹرفائیو ایل صائمہ اپارٹمنٹ کے قریب فوم کی دکان پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 22 سالہ دکاندارعبدالرحمان جاں بحق ہوا۔

14 رمضان المبارک کو سرجانی ٹاؤن سیکٹرفورڈی میں موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پرڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے لیاقت آباد کے رہائشی 32 سالہ محمد زوہیب کو موت کی وادی میں دھکیل دیا۔

15 رمضان المبارک کواورنگی ٹاؤن قطراسپتال کے سامنے 50 سالہ نازیہ انجم زوجہ عبدالعباد پولیس مقابلے کے دوران ڈاکوؤں کا نشانہ بنی۔

18 رمضان المبارک کو راشد منہاس روڈ ملینیئم شاپنگ مال کے سامنے پل پرڈکیتی مزاحمت پر38 سالہ سید رہبرعلی جاں بحق ہوا۔

19 رمضان المبارک کو سہراب گوٹھ ایوب گوٹھ ندی کے قریب پولیس اور ڈاکووں کے درمیان مقابلے کے دوران راہگیر چار بچوں کا باپ کانجی جاں بحق ہوگیا۔

21 رمضان المبارک کو گلشن معمار اجمیر گارڈن کے قریب ڈاکوؤں کی گاڑی پر فائرنگ سے ریئل اسٹیٹ ایجنٹ 40 سالہ محمد امجد جاں بحق اور 35 سالہ امان اللہ زخمی ہوا۔

23 رمضان المبارک کو نیو کراچی سیکٹر فائیو اے عالم پرائڈ کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 32 سالہ عامراورنارتھ کراچی انڈا موڑ کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر جماعت اسلامی کے کارکن 60 سالہ سید حامد علی جاں بحق ہوگئے۔

24 رمضان المبارک کو اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے برتنوں کے سپلائر30 سالہ آصف کو ابدی نیند سلادیا۔ 24 رمضان کو ہی منگھوپیر نیا ناظم آباد لال گیٹ کے سامنے پولیس اورڈکیتوں کے درمیان ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 محنت کش سائیں داد اور شبیر جاں بحق ہوگئے۔

سائٹ ایریا میں آج صبح ڈکیتوں نے پولٹری فارم کے دو ملازمین کو قتل کر کے 1 کروڑ 35 لاکھ روپے چھینے جبکہ کورنگی میں گزشتہ رات گئے ایک شہری کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا گیا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!