کراچی میں ایک اور ہیوی ٹریفک کا جان لیوا حادثہ، گونگا بہرا شہری جاں بحق

ویب ڈیسک
|
20 Feb 2025
کراچی میں ہیوی ٹریفک کے حادثے میں ایک اور موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق، یہ واقعہ بدھ کی رات انور بلوچ ہوٹل کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو روند دیا۔
حادثے کے بعد ٹریلر ڈرائیور فرار ہو گیا، جبکہ پولیس نے گاڑی کو ضبط کر کے تھانے منتقل کر دیا۔
جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 45 سالہ عامر بن غلام مصطفیٰ کے طور پر ہوئی، جبکہ زخمی 35 سالہ ساجد بن محمد ہاشم کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ایدھی کے عہدیداروں نے تصدیق کی کہ دونوں متاثرین رشتہ دار تھے۔ مرحوم کے کزن عبدالرحمان نے جناح ہسپتال میں میڈیا کو بتایا کہ ساجد اور عامر کے سالے ہیں۔
ان کے مطابق، وہ اپنے کزن کو کینٹ اسٹیشن پر چھوڑنے کے بعد دو موٹر سائیکلوں پر قائد آباد واپس جا رہے تھے کہ انور بلوچ ہوٹل کے قریب تیز رفتار ٹریلر نے ان کی موٹر سائیکل سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں عامر کی موت واقع ہو گئی اور ساجد زخمی ہو گئے۔
عامر، جو پیدائشی طور پر گونگے اور بہرے تھے اور انہوں نے کچھ ماہ قبل اپنی پسند کی خاتون سے شادی کی تھی اور ایک خصوصی تعلیمی اسکول میں ملازمت کرتے تھے۔
ساجد، جو شادی شدہ اور ایک بچے کے والد ہیں، ایک پرائیویٹ ٹیکسٹائل مل میں ملازم ہیں۔ دونوں افراد قائد آباد کے مدینہ کالونی کے رہائشی تھے اور ان کے آبائی تعلقات خیرپور میرس سے تھے۔
عبدالرحمان نے ٹریلر ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
Comments
0 comment