لاہور میں 3 روزہ بسنت کے دوران 17 شہری جاں بحق ہوئے، پنجاب حکومت

لاہور میں 3 روزہ بسنت کے دوران 17 شہری جاں بحق ہوئے، پنجاب حکومت

صوبائی وزارت داخلہ نے لاہور ہائیکورٹ میں تفصیلات جمع کرادیں
لاہور میں 3 روزہ بسنت کے دوران 17 شہری جاں بحق ہوئے، پنجاب حکومت

ویب ڈیسک

|

25 Feb 2026

لاہور ہائیکورٹ کو بتایا گیا ہے کہ حال ہی میں لاہور میں منعقد ہونے والے تین روزہ بسنت میلے کے دوران 17 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے تقریباً دو دہائیوں بعد سخت شرائط کے ساتھ بسنت کی اجازت دی گئی تھی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جسٹس ملک اویس خالد کو جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ تین افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے، دو افراد درختوں سے گر کر ہلاک ہوئے جبکہ 12 افراد چھتوں سے گرنے کے باعث اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

رپورٹ کے مطابق بسنت کی بحالی پنجاب ریگولیشن آف کائٹ فلائنگ آرڈیننس 2025 کے تحت کی گئی تھی، جس میں پتنگ کی ڈور کے معیار، مخصوص مقامات پر پتنگ بازی اور موٹر سائیکل سواروں کے لیے حفاظتی راڈز جیسی احتیاطی تدابیر شامل تھیں، تاکہ ماضی میں پیش آنے والے خطرناک واقعات سے بچا جا سکے۔ اس کے باوجود محکمہ داخلہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ بسنت کے دوران 100 سے زائد حادثات رپورٹ ہوئے۔

سماعت کے دوران عدالت نے پتنگ کی ڈور سے زخمی ہونے والے افراد کی مکمل تفصیلات بھی طلب کیں، کیونکہ یہ اعداد و شمار رپورٹ میں شامل نہیں تھے۔ درخواست گزار کے وکیل ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت کو اموات کے ساتھ ساتھ زخمیوں کی درست تعداد، ذمہ داری کے تعین اور بسنت تقریبات پر آنے والے اخراجات کی تفصیل بھی فراہم کی جائے۔

عدالت نے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے پنجاب کے سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں سے متعلق مکمل رپورٹ پیش کی جائے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!