7 hours ago
نوکری کے جھانسے پر اجتماعی زیادتی اور انسانیت سوز تشدد کا شکار لڑکی دم توڑ گئی
ویب ڈیسک
|
23 Dec 2024
پنجاب کے ضلع بہاولپور میں نوکری کے نام پر اجتماعی زیادتی اور تشدد کا شکار بننے والی 24 سالہ لڑکی سیماب دم توڑ گئی۔
چوبیس سالہ سیماب کو تشویشناک حالت میں وکٹوریہ اسپتال لایا گیا تھا، جس کو ڈاکٹرز نے بچانے کی کوشش کی تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گئی۔
پولیس کے مطابق ملزمان 12 روز قبل 24 سالہ سیماب کو تشویش ناک حالت میں وکٹوریہ اسپتال کی ایمرجنسی میں چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے۔ واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے مرکزی ملزم غفران سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔
ورثا کے مطابق سیماب کے جسم کے مختلف حصوں پر تیزاب ڈالا گیا تھا جبکہ جسم پر تشدد کے گہرے نشانات تھے اور گردے بھی فیل ہوچکے تھے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بہاولپور میں لڑکی سے اجتماعی زیادتی اور شدید تشدد کے واقعے کا نوٹس لیا اور آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کرلی۔
انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کی اور ہدایت کی کہ ذمے دار ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
Comments
0 comment