راولپنڈی میں جرگے کے حکم پر لڑکی کا غیرت کے نام پر قتل

ویب ڈیسک
|
25 Jul 2025
راولپنڈی: جرگے کے حکم پر پسند کی شادی کرنے والی لڑکی بہن قتل، قبر کشائی کی درخواست دائر
راولپنڈی – راولپنڈی کے علاقے فوجی کالونی میں ایک لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک لڑکی کو جرگے کے حکم پر اس کے بھائی نے گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔ لڑکی نے کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک لڑکے سے پسند کی شادی کی تھی۔ قتل کے بعد لاش کو خاموشی سے دفنا کر قبر کا نام و نشان بھی مٹا دیا گیا۔
مقتولہ سدرہ کو جرگے کے حکم پر واپس لایا گیا تھا جس کے بعد اس کے بھائی نے اسے مبینہ طور پر گلا گھونٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ یہ افسوسناک واقعہ تھانہ پیر ودھائی کی حدود میں پیش آیا۔
مقتولہ کے شوہر ضیاء الرحمٰن کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے گورکن کمیٹی کے سیکریٹری اور یونین کونسل کے چیئرمین کو تدفین کی اجازت دینے اور سہولت فراہم کرنے پر گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس نے مزید تفتیش کے لیے مقتولہ کے شوہر، سسر اور دیگر 8 ملزمان کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے۔
واقعے کی سنگینی کے پیش نظر، پولیس نے عدالت میں قبر کشائی کی درخواست دائر کر دی ہے۔ عدالتی حکم پر کل میڈیکل ٹیم اور پولیس سرجن کی نگرانی میں قبر کشائی کی جائے گی تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
Comments
0 comment