3 hours ago
صحافی لالا اسرافیل نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قتل
Webdesk
|
7 Jun 2026
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع موسی خیل کے مقامی بازار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سینیئر صحافی لالا اسرافیل خان جاں بحق ہو گئے ہیں۔
لالا اسرافیل عوامی مسائل، محرومیوں اور عام لوگوں کی آواز کو ایوانوں تک پہنچانے والے ایک نڈر اور بے باک صحافی تھے، جو ہم نیوز کے علاوہ دیگر میڈیا ہاسز کے لیے موسی خیل سے رپورٹنگ کرتے رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب حملہ آوروں نے لالا اسرافیل کو دکان کے باہر نشانہ بنایا اور ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔جائے وقوعہ پر موجود مقتول کے چھوٹے بھائی کے مطابق مسلح افراد لالا اسرافیل پر فائرنگ کرنے کے بعد ڈاکٹرز والی گلی کی جانب فرار ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرکے کارروائی کا آغاز کر دیا۔ایس ایچ او محمد خان کے مطابق لالا اسرافیل کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیان کا کہنا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
صحافی لالا اسرافیل کی شہادت سے نہ صرف ان کے اہلِ خانہ بلکہ صحافتی برادری اور پورا موسی خیل غم میں ڈوب گیا ہے۔مقامی شہریوں نے اس المناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لالا اسرافیل ایک مخلص عوام دوست اور پیشہ ور صحافی تھے .جنہوں نے ہمیشہ حق اور سچ کی آواز بلند کی۔
بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے)نے ان کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ یونین نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قتل کی فوری اور شفاف تفتیش کرائی جائے، قتل کے اصل محرکات اور مقاصد کا پتا لگایا جائے اور ملوث عناصر کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
Comments
0 comment