میر رضا کیس، ملزمان تک پہنچانے والی اطلاع پر ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان، کمیشن کا تحریری حکم جاری
ویب ڈیسک
|
29 Aug 2026
کراچی: میر رضا علی کے قتل کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن نے عوام سے واقعے سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے اخبارات میں اشتہارات شائع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔
کمیشن نے ملزمان تک پہنچنے میں مدد دینے والی قابلِ اعتماد اطلاع فراہم کرنے والے شخص کے لیے ایک لاکھ روپے انعام مقرر کیا ہے۔
جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں قائم کمیشن کے تحریری حکم نامے کے مطابق اشتہارات میں شہریوں سے میر رضا علی کے قتل سے متعلق کسی بھی معلومات سے آگاہ کرنے کی اپیل کی جائے گی، جبکہ اطلاع دینے والے کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔
سندھ ہائیکورٹ کے آئی ٹی شعبے کی جانب سے قائم واٹس ایپ نمبر اور ای میل بھی اشتہارات میں شامل کیے جائیں گے۔
کمیشن نے واقعے کے مقام کے اطراف بھی معلومات کے حصول کے لیے نوٹسز آویزاں کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شہری براہ راست کمیشن کو بھی معلومات فراہم کرسکیں گے۔
تحریری حکم نامے کے مطابق سندھ حکومت کیس میں اب تک شامل پولیس افسران اور ڈاکٹروں کی مکمل فہرست کمیشن کو فراہم کرے گی، جس میں متعلقہ افراد کے نام اور ان کے کردار کی تفصیلات بھی شامل ہوں گی۔
ایف آئی آر، یادداشتیں، دفعہ 161 کے بیانات اور طبی رپورٹس سمیت کیس کا تمام اہم ریکارڈ بھی پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
کمیشن نے میر رضا علی کی لاش سب سے پہلے دیکھنے والے نرسری ملازمین یاسر اور قیصر کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جائے وقوعہ پر ابتدائی طور پر پہنچنے والے پولیس اہلکاروں، گلستان جوہر تھانے کی پولیس موبائل کے انچارج، لاش اسپتال منتقل کرنے والے ایدھی ایمبولینس ڈرائیورز محسن اور جاوید، پہلے پہنچنے والے پولیس افسر ندیم اور میڈیکو لیگل معائنہ کرنے والے ڈاکٹر اسامہ کو بھی آئندہ کارروائی میں طلب کیا گیا ہے۔
کمیشن نے متعلقہ سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ تحریری حکم نامے کے مطابق کمیشن کا آئندہ اجلاس یکم ستمبر کو ہوگا۔
Comments
0 comment