1 hour ago
سانحہ گل پلازہ کے بعد عمارتوں کا فائر سیفٹی اسے شروع
ویب ڈیسک
|
22 Jan 2026
کراچی میں گل پلازہ میں پیش آنے والے ہولناک آتشزدگی کے واقعے کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے شہر بھر میں رہائشی اور تجارتی عمارتوں کی فائر سیفٹی جانچ کا عمل شروع کر دیا ہے۔
ایس بی سی اے حکام کے مطابق یہ مہم صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی ہدایات پر شروع کی گئی ہے، جس کے تحت ابتدائی مرحلے میں 35 رہائشی اور کمرشل عمارتوں میں فائر سیفٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر جنرل مظمل حسین ہالیپوٹو نے بتایا کہ معائنے کے دوران عمارتوں میں نصب فائر فائٹنگ آلات، ایمرجنسی سسٹمز اور حفاظتی انتظامات کی کارکردگی کو چیک کیا جا رہا ہے۔ جہاں خامیاں سامنے آ رہی ہیں، وہاں متعلقہ عمارتوں کو نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مقررہ مدت کے اندر فائر سیفٹی کے تقاضے پورے نہ کرنے والی عمارتوں کو سیل کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
ڈی جی ایس بی سی اے کے مطابق فائر سیفٹی سے متعلق معائنے اور کارروائیاں شہر کے دیگر علاقوں میں بھی جاری رہیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے ایک سروے میں نشاندہی کی گئی 266 اہم عمارتوں کو بھی فائر سیفٹی کے نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں۔
ایس بی سی اے نے یاد دہانی کرائی کہ جنوری 2024 میں کے ایم سی کی جانب سے بلڈرز، عمارت مالکان اور تجارتی تنظیموں کو فائر سیفٹی کے حوالے سے ہدایات دی جا چکی ہیں، اور اس معاملے میں تمام فریقین کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ حفاظتی اصولوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
Comments
0 comment